مزید خبریں

نبی پاکؐکی شان میں گستاخی نا قابل معافی ہے،قومی امن کمیٹی بین المذاہب

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)قومی امن کمیٹی بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر علامہ پیر سید ایاز ظہیر ہاشمی، مرکزی صدروسجادہ نشین امام بری سرکار علامہ پیر سید محمد علی شاہ گیلانی، مرکزی ترجمان پاکستان محمد احسان رحمانی، مرکزی وائس چیئرمین الحاج پیر گلشن الٰہی قادری فریدی، سندھ کے صدررسول بخش سمو ں اور سید عادل حسین شاہ سمیت دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے امریکا اور یہود و نصاری کو خوش کر رہے ہیں جس کا غلامانِ مصطفی بھر پور طریقے سے منہ توڑ جواب دیں گے۔رہنماؤں نے کہا کہ بھارت میں نبی پاک صلی اللہ وسلم کی شان میں جو گستاخی کی گئی ہے وہ نا قابل معافی عمل ہے، مودی سرکار بھارت میں جو حکومت چلا رہی ہے وہ بین المذاہب کا خیال رکھے،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے بھارت میں دندناتے پھر رہے ہیں لیکن بھارتی سرکار ان گستاخوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ناکام نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین المذاہب کا خاص خیال رکھتے ہوئے بھرپور احترام کیا جاتا ہے اورکسی بھی قوم کے مذہبی جذبات سے نہیں کھیلا جاتا لیکن بھارتی حکومتی جماعت بی جے پی کے لیڈروں نے نبی پاک کی شان میں گستاخی کرکے پوری دنیا میں غیرت مسلم کو للکارہ ہے اور اب غلامانِ مصطفی روڈوں پر نکل چکے ہیں،اب امریکا اور یہود و نصاریٰ کے ایجنٹ بھارت کے روپ میں جو کچھ کر رہے ہیں اس کا خمیازہ مودی سرکار کو بھگتنا ہوگا۔