مزید خبریں

Jamaat e islami

اتحادی حکومت کے پاس کوئی معاشی وژن نہیں،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 2021ء میں نامساعد حالات اوربہتر مستقبل کی خاطر پاکستان چھوڑ کر جانے والوں کی تعداد میں 27.6فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ ایک سال کے دوران 2لاکھ 86ہزار افراد بیرون ممالک کا رخ کرگئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب کی ہے۔ جہاں سے ایک لاکھ 56ہزار لوگوں نے اپناوطن ترک کیا۔ خیبر سے 76ہزار جبکہ سندھ اور بلوچستان سے 54ہزار سے زائد افراد ملک چھوڑ کر باہر چلے گے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرح موجودہ اتحادی حکومت کے پاس بھی کوئی معاشی وژن نہیں۔ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف،تینوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عوام نے ان سب کو آزمالیا ہے مگر کوئی بھی عوامی توقعات پر پور ا نہیں اترا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی خدمات کے شعبہ جات، ترقی اور معیشت کی بحالی کے لیے کسی قسم کی کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی۔ بجٹ سے سرکاری ملازمین اور عام دہاڑی دار طبقہ کوئی بھی خوش نہیں ہے۔ عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ لوگ اپنے معاشی حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے گے ہیں، مگر ملک میں خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں آسودگی نظر آتی ہے۔