مزید خبریں

شفاف نظام یقینی بنا کر ٹیکس نیٹ بڑھایا جاسکتا ہے، صدر علوی

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیکس کلچر کو عام کرنے اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید بہتربنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف نظام یقینی بنا کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے پر عوام کا اعتبار بڑھ رہا ہے اور شکایت کنندگان کی شکایات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے ” فوری انصاف آپ کی دہلیز پر” کے موضوع پر آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ، ہراسانی کے خلاف تحفظ کے لیے وفاقی محتسب کشمالہ طارق، وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل، سابق وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر شعیب سڈل، ایف بی آر، وفاقی ٹیکس محتسب آفس اور دیگر اداروں کے سینئر افسران اور مختلف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ ٹیکس گزاروں کی سہولت اور ان کے مسائل کے حل کیلیے بہترین کردار ادا کررہا ہے، ٹیکس نظام اور شکایات کے ازالے کے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، عوام عمومی طور پر ٹیکس ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں زکو کا نظام اہم ہے، ایک مہذب معاشرے کیلیے ضروری ہے کہ نادار افراد کا معیار زندگی بلند کرے، قومی وحدت کیلیے جعلی خبروں جیسے چیلنجز سے نمٹنا ضروری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ٹیکس کی شکایات کے حوالے سے تعاون انصاف کا راستہ کھولتا ہے، شکایات کے ازالے کیلیے وقت 60 دن سے کم ہو کر 40 دن پر آ گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر سے ٹیکس گزاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن اور بد انتظامی میں کمی لائی جاسکتی ہے، بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے فنڈز کی کرپشن، انڈر انوائسنگ اور رشوت کو روکاجاسکتا ہے۔