مزید خبریں

مضبوط یونین ہی ورکروں کے حقوق کی ضامن ہے‘ میر ذوالفقار علی

انٹرنیشنل یونین آف فوڈز کے ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا قمر الحسن، ورکرز ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے ڈائریکٹر میر ذوالفقار علی، کوکا کولا ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری خائستہ رحمن نے گزشتہ دنوں کوکا کولا کے نئے اور جدید پلانٹ بمقام حطار کا دورہ کیا۔ کوکا کولا ورکرز یونین کے عہدیداران سفیر مغل، محمد نصیر اور سعدیہ کنول نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ سفیر مغل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی رہنمائی میں یونین اپنے ممبران کے حقوق کا تحفظ کرنے میں کامیاب ہوئی۔ قمر الحسن نے کہا کہ یونین کی جدوجہد کے باعث نہ صرف محنت کشوں کی ملازمتوںکا تحفظ ہورہا ہے بلکہ جدید ترین ٹیکنالوجی پر ان کی تربیت بھی ہورہی ہے۔ دنیا بھر کی یونینوں کو ٹیکنالوجی کی تیز ترین ترقی کے باعث ملازمتوں کے تحفظ میں دشواری کا سامنا ہے لیکن کوکا کولا یونین نے نہ صرف مراعات میں اضافہ بلکہ اپنے ممبران کی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میر ذوالفقار علی نے کہا کہ کوکا کولا یونین کی ترقی اور کامیابی کا راز محنت کشوں کے اتحاد میں ہی موجود ہے۔ آپ کی لیڈر شپ مبارکباد کی مستحق ہے کہ اس نے جدید ٹیکنالوجی کے آنے کے باوجود ملازمتوں اور مراعات کا تحفظ کیا۔ خائستہ رحمن نے نئے ممبران کو یونین کی تاریخ اور ماضی کی کامیابیوں سے روشناس کراتے ہوئے کہا کہ اب آپ اس یونین کا حصہ ہیں اور اس کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں گے۔ مہمانوں میں یونین کے نئے ممبران نے ممبر شپ درخواستیں وصول کیں تا کہ ان کی ممبر شپ کنفرم کی جاسکے۔