مزید خبریں

جاگُرتی۔ تعلیم کے ذریعے بیداری پیدا کررہی ہے‘ رویندرا کمار

رنچھوڑلائن سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ایک ٹیم کا نام جاگُرتی ہے، جس کے معنی بیداری کے ہیں، علاقے میں مقیم غریب اور ضرورت مند عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں 2014ء سے اپنی ورچول سروسز دینے والی یہ ٹیم اب عوام میں باضابطہ طریقے سے متحرک ہوچکی ہے۔ جاگُرتی کی ماضی کی خدمات میں شامل بچوں کے لیے سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کرنا جس سے بچوں کی حوصلہ افزائی ہو، اسکالر شپ کے مواقع کو شیئر کرنا، کیریئر پلیسمنٹ کے لیے کام کرنا، اسکول پلیسمنٹ کے لیے کام کرنا، اسکول آئوٹ چلڈرن کے لیے کام کرنا، سرکاری ملازمتوں کے لیے فارم جمع کروانے میں مدد کرنا، تعلیم اور ملازمت کے آن لائن فارم بھرنے میں رہنمائی فراہم کرنا، سماجی ایشوز پر ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ کی سیریز کا آغاز کیا، کووڈ کی وبا میں ضرورت مند غریبوں کو سندھ ریلیف انیشیایٹیو کے تحت راشن مہیا کیا، کمیونٹی میں تعلیم کے پرچار کو لے کر ہر ممکنہ اقدام کا بڑھ کر ساتھ دیا۔ جاگُرتی کے فائونڈر انجینئر رویندر کمار، سینئر ممبر سنجنا کمار، سینئر ممبر روی بھٹی، شلپا وکرم، مسکان بابو نوجوان نسل سے ایک پُرعزم ارادے کے ساتھ سماج کی خدمات تعلیم کے ذریعے کرنے کو نکلے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ٹیم جاگُرتی کے زیر اہتمام رنچھوڑ لائن میں واقع ہال میں بچوں کے لیے فری سمر کیمپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں گجراتی بچائو تحریک کے سینئر و معزز ممبران، علاقے کے معزز ممبران نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں والدین کو اس 2 مہینے کے فری سمر کیمپ کے حوالے سے اسپیشل بریفنگ دی گئی۔ تقریب میں جاگُرتی کے فائونڈر انجینئر رویندر کمار نے کہا کہ فری سمر کیمپ کے سارے اخراجات ابھی ہم اپنی مدد آپ کے تحت کررہے ہیں۔ مستقبل میں تعلیم سے متعلق ہمارے پاس اور بھی آئیڈیاز اور پروجیکٹس ہیں جس کے لیے ہمیں فنڈنگ کی سخت ضرورت ہے تو ایسے تمام صاحب حیثیت حضرات جو تعلیم کے ذریعے سماج میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں وہ آگے بڑھ کر ہماری مدد کریں، اسکول آئوٹ چلڈرن پروگرام کے لیے بہت کام کرنا چاہتے ہیں۔ جس میں ہمیں تعلیم کے میدان کی سورماجن میں اخوت فائونڈیشن، زندگی ٹرسٹ، کرن فائونڈیشن جیسے شراکت داروں کی اشد رہنمائی کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر سمر کیمپ میں داخلہ لینے والے بچوں میں مفت اسٹیشنریز اور آرٹ کٹ تقسیم کی گئی۔