مزید خبریں

بجلی بحران پر قابو پانے کیلیے تاجر برادری حکومت کا ساتھ دے، شہریار گل

سجاول(نمائندہ جسارت) توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلیے تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شادی ہالز رات 08 بجے بند کیے جائیں۔تاجر برادری حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے ایک ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دے۔ڈپٹی کمشنر سجاول ۔ ڈپٹی کمشنر سجاول شہریار گل میمن کی زیر صدارت ان کے دفتر میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری کردہ توانائی بچت ایس او پیز پر عملدر آمد کے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں ضلع سجاول تام ذمے داران اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام شہروں کے تاجر رہنماؤں نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن نے تمام تاجر رہنماؤں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے توانائی بچت کے متعلق ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ہفتہ اور اتوار کے دنوں کے علاوہ تمام مارکٹیں اور دکانیں شادی ہالز رات 08 بجے بند کیا جائے تاکہ ملک سے توانائی بحران کو ختم کرنے میں مدد مل سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایک ذمے دار شہری ہونے کے ناتے ہم سب پر فرض عائد ہوتا ہے کہ ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے میں اس قومی فریضہ میں حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور کردار ادا کیا جائے۔اجلاس میں تاجر برادری نے اپنے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے اتفاق کیا اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ملک میں توانائی بچانے کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پالیسی پر من وعن عملدارآمد کرتے ہوئے ضلع کی چھوٹی بڑی تمام مارکٹیں، ہوٹلز، ریسٹورنٹ اور شادی ہالز رات 8 بجے بند کردیے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ اس ضمن میں وہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، مارکیٹوں، دکانوں اور شادی ہالز کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں اور انہیں رپورٹ پیش کی جائے خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔