مزید خبریں

بے نظیر بھٹو فٹبال,عبدل کلب اور بابل اسپورٹس کوارٹر فائنل میں داخل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ کی ہدایت پر جاری شہید بے نظیر بھٹویادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں عبدل ایف سی اور بابل اسپورٹس نے اپنی اپنی حریف الشہباز کورنگی اور کورنگی بلوچ کو شکست دے کر کواٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا‘ کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر ہونے والے پہلے میچ میں وقفہ تک عبدال ایف سی کو 0-3 کی برتری حاصل تھی۔ فاتح ٹیم کے نبیل نے 24 ویں اور 36 ویں منٹ میںد و خوبصورت گول اسکور کیے جبکہ ایک گول 39 ویں منٹ میں جمشید نے کیا۔ 3 گول کے خسارے میں جانے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ الشہباز کورنگی ایک بڑے مارجن سے یہ میچ ہار جائے گی لیکن وقفہ کے بعد ان کے فارورڈز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کا پانسا پلٹ دیا اور کھیل کے 58 ویں اور 61 ویں منٹ میں بالترتیب محمد حسن اور محمد حسین نے گول اسکور کرکے 2 گول کا خسارہ کم کیا لیکن عمدہ کھیل بھی الشہباز کو شکست نہ بچاسکا‘ دوسرے میچ میں وقفہ تک بابل اسپورٹس کو ایک گول کی برتری حاصل تھی یہ گول جواد نے 36 ویں میں اسکور کیا جسے دوسرے ہاف کے 70 ویں منٹ میں کورنگی بلوچ کے عجیب نے برابر کر دیا لیکن صرف 7 منٹ بعد 77 ویں منٹ میں فاتح ٹیم کے عظمت نے 25 گز کی دوری سے گیند جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔ عبدال ایف سی کے نبیل جبکہ بابل اسپورٹس کے جواد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے‘ انٹرنیشنل ایوب عالم اور محمد قاسم مہمان خصوصی تھے ان میچز کو ریفری طاہر قاری اور یونس لال نے راشد عبداللہ ‘ خالد ثمین خان اور دل مراد کی معاونت سے سپروائز کیا میچ کمشنر کے فرائض نواب آفریدی نے انجام دیے۔