مزید خبریں

صدر مملکت کا جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات پر اظہار تشویش

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے مختلف حصوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات قوم کو بہت زیادہ مالی نقصان پہنچا رہے ہیں، ان واقعات سے عوام کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں جبکہ حیوانات اور نباتات کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ موسمیاتی تبدیلی اور اس کے منفی اثرات کو مزید بڑھا رہے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کو کم کرنے کے یے باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو یقینی بنا کر ان واقعات کی روک تھام کی حکمت عملی پر توجہ دیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے زیادہ تر واقعات کو روکا جا سکتا ہے، 85 فیصد واقعات کی وجہ کیمپ فائر کو صحیح طرح نہ بجھانا، آلات کی خرابی، جلتی ہوئی سگریٹ پھینکنا اور جان بوجھ کر آگ لگانا ہے۔ زیادہ تر واقعات کو سادہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے روکا جاسکتا ہے، جس میں حکام کو آگ لگنے کی اطلاع دینا، کیمپ فائر کو صحیح طرح بجھانا، جلتے ہوئے سگریٹ کو نہ پھینکنا، آتش گیر چیزوں کا استعمال کرتے وقت احتیاط برتنا اور صرف ان جگہوں پر آتشبازی کرنا جہاں آس پاس کوئی جنگل نہ ہو۔