مزید خبریں

گلشن مہران ،15 جون تک الاٹیز کو مالکانہ حقوق نہ دیے تو دھرنا دیں گے ،حافظ نعیم الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی و گلشن مہران ایکشن کمیٹی کے تحت گلشن مہران کے الاٹیز کے حقوق کے تحفظ کے لیے اور کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کے خلاف سپر ہائی وے تا ٹینک چوک ملیر تک امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ’’حقوقِ گلشن مہران ریلی‘‘ نکالی گئی ۔جس میں متاثرہ الاٹیز اور ان کے اہل خانہ کے علاوہ عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورگلشن مہران میں کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے عدالتی احکامات کے باوجود مالکانہ حقوق دینے میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر نعرے بازی کی ۔شرکاء نے ہاتھوں میں زرد رنگ کے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ ’’حق دو گلشن مہران کو‘‘۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،امیرجماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ وچیئرمین ایکشن کمیٹی گلشن مہران توفیق الدین صدیقی ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے ملیر کینٹ ٹینک چوک پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلشن مہران کے الاٹیز گزشتہ 50سال سے اپنے حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں،ملیر کنٹونمنٹ بورڈ عدالتی فیصلے کے باوجود مالکانہ حقوق دینے میں تاخیرکررہا ہے اس حوالے سے ہائی کورٹ کا واضح فیصلہ موجود ہونے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہ ہونا ، ہمارے عدالتی نظام کے لیے بھی سوالیہ نشان ہے ،ملیر کنٹونمنٹ بورڈ عدالت کے فیصلے پرعمل نہیں کررہا تو اس پر توہین عدالت لگنی چاہیے ،ہم اعلان کرتے ہیں کہ اگر 15جون تک گلشن مہران کے الاٹیز کو مالکانہ حقوق نہیں دیے گئے تو ملیر کینٹ گیٹ نمبر 5پر زبردست طویل دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈپاکستانی فوج کو بدنام کرنے کا ادارہ بن گیا ہے اوریہ فوج اور عوام کے درمیان دوریاں اورغلط فہمیاں پیدا کرنے والا ادارہ بنتا جارہا ہے ،اب یہ ادارہ افواج پاکستان کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا بنتا جارہا ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ آرمی چیف ،کورکمانڈر کراچی ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ سے بات کریں اور اپنا واضح مؤقف پیش کریںاوربورڈ کی جانب سے الاٹیز کو مالکانہ حقوق دینے میں مسلسل ٹال مٹول اور تاخیری حربے استعمال کرنے کا نوٹس لیں، کنٹونمنٹ بورڈ زکا پورا نظام وزارت دفاع کے ماتحت ہوتا ہے ،اس لیے وزارت دفاع کی بھی ذمے داری بنتی ہے کہ 12ہزار الاٹیز کے مسائل کو حل کرے اور فی الفور ،زندگی بھر کی جمع پونجی سے خریدی گئی زمین کے مالکانہ حقوق دیے جائیں ،جماعت اسلامی گلشن مہران کے الاٹیز کے ساتھ ہے ،پیپلزپارٹی گزشتہ 14سال سے برسراقتدار ہے ،سوسائٹی کے تمام مسائل کی ذمے دار پیپلزپارٹی پر عاید ہوتی ہے ،شہر لاوارث نہیں ہے ، جماعت اسلامی ساڑھے 3کروڑ عوام کا مقدمہ لڑے گی ،15جون تک مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو طویل دھرنا دیں گے ۔توفیق الدین صدیقی نے کہاکہ گلشن مہران کے الاٹیز اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ریلی نکالنے پر مجبور ہوئے ہیں ،15جون کو کنٹونمنٹ بورڈ نے اجلاس طلب کیا ہے ، اگر کنٹونمنٹ بورڈ نے 15جون کو الاٹیز کو ان کے حقوق نہیں دیے تو حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر ملیر کینٹ گیٹ نمبر 5پر غیر معینہ مدت تک دھرنا دیں گے ۔