اسلام آباد (آن لائن ) وفاقی وزیربرائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پاکستان کی اقتصادیات کیلئے اہم منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی بدولت معاشی اور معاشرتی ترقی کیلئے کم لاگت، ماحول دوست بجلی مہیا ہوگی۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار داسوہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیئرمین واپڈا نویداصغر چوہدری بھی اس دوران ان کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 2026 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ تعمیراتی کام کی رفتار پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے واپڈا کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ ہدف کے مطابق مکمل کیا جائے۔ اپنے دورے میں وفاقی وزیر نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے واپڈا کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ پر روزگار کی فراہمی میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔