مزید خبریں

کوئٹہ میں دہشت گردبارود سے بھری موٹر سائیکل کے ساتھ گرفتار

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک دہشت گرد کو بارود سے بھری موٹرسائیکل کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے دھماکے کی منصوبہ بندی کی خفیہ اطلاع پر اسنیپ چیکنگ کو سخت کیا اور ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابقخفیہ اطلاع پر موٹر سائیکل سوار کو روک کر چیک کیا گیا تو اس میں ایل ای ڈی بم نصب تھا، جس کو دہشت گرد کارروائی کے لیے خاص مقام پر کھڑا کرنے جا رہا تھا جس کے بعد اسے دھماکے سے اڑانا تھا۔ ترجمان کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت نظام الدین عرف خالد کے نام سے ہوئی جس نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ وہ 8 رکنی اُس گینگ سے تعلق رکھتا ہے جس نے بلوچستان ہائی کورٹ، سیشن عدالت، ایف سی اور پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ گروپ نے بلوچستان کے نجی ہوٹل (سرینا)، بی اے مال کے قریب پاک فوج کے ٹرک، سریاب روڈ میں بی سی پولیس کے ٹرک، قندہاری بازار بخاری سینٹر، سائنس کالج کے مرکزی دروازے پر دھماکے کیے جبکہ فاطمہ جناح روڈ پر ہزارہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ بھی کی۔