مزید خبریں

امریکی پابندیاں نظر انداز ، ایران اور وینزویلا میں 20سالہ معاہدہ

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی پابندیوں کے شکار ایران اور وینزویلا نے تمام قدغنیں ہوا میں اڑا کر 20سال کا معاہدہ کرلیا۔ وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو ترکی اور الجزائر کے بعد تہران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق دونوں ممالک نے تیل، معیشت، دفاع، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے لیے 2عشروں کے باہمی معاہدے کیے ہیں۔ صدر مادورو اور صدر رئیسی نے اسے امریکی پابندیوں کے خلاف مزاحمت کی کامیابی قرار دیا ہے۔ صدر نکولاس مادورو نے دارالحکومت تہران میں ایرانی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون میںتوانائی اور مالیاتی شعبوں کے ساتھ دفاعی منصوبوں پر تعاون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا نے مشکل سال گزارے ہیں ، لیکن عوام اور حکام کا عزم یہ تھا کہ وہ پابندیوں کے خلاف مزاحمت کریں۔واضح رہے کہ افراط زر سے وینزویلا میں کاروبار زندگی ایک طرح سے مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ اس سے مقامی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ کرنسی کی قدر مسلسل نیچے جا رہی ہے ۔ روس، چین، کیوبا اور ترکی جیسے ممالک کے علاوہ ایران بھی وینزویلا کے اہم اتحادیوں میں سے ایک ہے۔ وینزویلا کی طرح ایران بھی سخت امریکی پابندیوں کا شکار ہے اور اسی چیز نے دونوں ممالک کو مزید قریب کردیا ہے۔