مزید خبریں

بنالالچ ملازمین کے حقوق کا مشن لے کر چل رہے ہیں،ایپکا

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا) سندھ پریشر گروپ کے صوبائی سرپرست اعلیٰ انور میمن، چیف آرگنائزر ولی محمد سومرو، پریس ترجمان شاہد سومرو،محسن قریشی، ساجن انصاری، شمشیر پالاری نے پارلیمنٹ ہائوس کے دھرنے کے بعد واپسی پہنچنے پر ورکروں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ایپکا کے مرکزی صدر حاجی ارشاد محمد چودھری کی قیادت میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ہزاروں ورکروں نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے نکات میں شامل مطالبات ایڈہاک الاونسز، اسکیل ریوائز،وفاقی ملازمین کی اپ گریڈیشن پر ایپکا مرکزی صدر کی مسلسل 3 سال سے رات دن کی جدوجہد رنگ لائی اور وفاقی سیکرٹری فنانس نے دھرنے کے نتیجے میں مزاکرات کرتے ہوئے ان مطالبات کو تسلیم کیا اور اب بجٹ میں ان مطالبات کے ثمرات آنے شروع ہو چکے ہیں۔ 4 سال سے شامل ایڈہاک الائونس بنیادی تنخواہ میں ضم کرتے ہوئے 15فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایپکا ہی گریڈ ایک سے 22 کا واحد پلیٹ فارم ہے جو ملازمین کے حقوق کی حقیقی جنگ لڑ رہا ہے۔ایپکا کو ختم کرنے والے مفاد پرست ٹولے کو منہ کی کھانی پڑی ۔ ایپکا کے مرکزی صدر حاجی ارشاد محمد چودھری بنا لالچ ملازمین کا مشن لے کر چل رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے ڈنڈے، شیل، بندوقیں لے کر ایپکا کے دھرنے کا گھیرائو کیا لیکن ملازمین ایک انچ پیچھے نہ ہٹے اور کامیاب دھرنا دے کر ملازمین کے مطالبات تسلیم کرنے پر وفاقی حکومت کو مجبور کیا ۔ جلد ایپکا کے مرکزی صدر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور جامشورو کادورہ کریں گے۔ ایپکا سندھ پریشر گروپ کی صوبائی قیادت ان کا سندھ پہنچنے پر بھرپور استقبال کرے گی۔