مزید خبریں

ادب و اخلاق دین کی روح ہے،ڈاکٹر شاہد رفیق

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی زون وسطی کے زیر اہتمام لاکھا مسجد کھوکھر محلہ میں (حسن اخلاق کس چیز کا نام ہے)کے موضوع پر تقریب کا انعقاد ہوا۔جس سے مذہبی اسکالر و نائب صدر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکاڈاکٹرشاہد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا حسن اخلاق بہت عظیم رہاہے مگر دور حاضر کا بہت بڑا اور برا المیہ ہے کہ آج کا مسلمان اپنے مسلمان بھائیوں کے ہاتھوں پریشان ہے، اس لیے ہمیں ان باتوں سے نصیحت حاصل کرنی چاہیے کہ ہمارے ہاتھوں سے کسی بھی مخلوق کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان،جماعت اسلامی زون وسطی کے ناظم اصغر علی خان یوسف زئی،سابق امیر زون وسطی محمد حنیف شیخ،سینئر قانون دان عبدالمعید شیخ ایڈووکیٹ،احسن معید شیخ ایڈووکیٹ،سید صابر علی عرف ماما،دلشاد علیم شیخ اورمحمد سلیم خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس! ہم ادب و اخلاق
کے حوالے سے غفلت کا شکار ہیں۔ علم، کتاب کے بغیر نہیں آتا جبکہ ادب و اخلاق محض ادب و اخلاق والوں کو دیکھنے اور ان کے ساتھ بیٹھنے سے بھی آجاتا ہے۔ ادب و اخلاق کا راستہ آسان ہے مگر شرط یہ ہے کہ مقصد واضح ہونا چاہیے، ہم جہاں بھی جاتے ہیں بس چلے جاتے ہیں، ہمیں معلوم نہیں کہ کیا لینے جاتے ہیں۔ جب مقصد قائم ہوجاتا ہے تو سفر آسان ہوجاتا ہے، ہم وعظ و تلقین سن کر صرف ’’واہ واہ‘‘ کرتے ہیں جبکہ ضرورت ادب و اخلاق کے گھونٹ پینے کی ہے۔ زندگی اور سیرت میں ادب و اخلاق آجائیں تو علم کا چشمہ بھی پھوٹ جاتا ہے جبکہ محض علم جتنا مرضی پڑھ لیں، اس سے ادب کا دروازہ نہیں کھلتا۔ جس نے ادب و اخلاق کو نظر انداز کردیا، اس کو پلٹادیا جاتا ہے۔ اس لیے کہ ادب و اخلاق دین کی روح ہے۔چنانچہ جب ہم قرآن پاک میں حسن اخلاق کی افادیت واہمیت کے بارے میں غور کرتے ہیں تو ہمیں بے شمار آیات کریمہ سے پتہ چلتاہے کہ اللہ تعالیٰ نے حسن اخلاق کو اپنے بندوں کے لیے کافی اہم بنایاہے۔ بیشک نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اخلاق حسنہ سے بھری پڑی ہے، جسے آج ہمیں اس نازک ترین حالات میں اپنانے کی ضرورت ہے، اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اخلاق کی تعلیم دوسروں کو دیں اور خود بھی اس پر عمل پیرا ہوں اور نبی کریمؐکے طرز عمل پر اپنی زندگی گزارنے کی کوشش کریں۔