مزید خبریں

اسلامی نظام ہی ملک کو بحران سے نجات دلائے گا‘ حسین محنتی

نواب شاہ /کراچی(نمائندہ جسارت+ اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلامی نظام اوردیانتدار قیادت ہی عوام کے مسائل حل،آئی ایم ایف سے نجات اورملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔ سندھ کے شہر وںکی
سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ عدم صفائی کی وجہ سے گلیاں کچرا کنڈی میں تبدیل ہو چکی ہیں ابلتے ہوئے گٹروں کی وجہ سے شہریوں کا چلنا دوبھر ہے، صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں میں ہپا ٹائٹس اور پیٹ کے امراض پھیل رہے ہیں۔شہروں کی تعمیر وترقی ،صاف پانی ، صحت تعلیم سمیت عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی انتخابات میں مخلص ودیانتدار نمائندوں کو منتخب کرے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے تحت نواب شاہ میں بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔جس میں ورکرزاورنامزدبلدیاتی امیدوار شریک تھے جبکہ تقریب سے امیر ضلع سرور احمد قریشی،قیم سرداراحمد آرائیں اور مقامی امیر فیصل ہمایوں نے بھی خطاب کیا۔ا نہوں نے کہا کہ ترازو کے نشان پر پورے سندھ سے جماعت اسلامی کے نمائندے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اب عوام کو اپنا ووٹ دیانتدار ، باصلاحیت اور خدمت کے جذبے سے سرشار افراد کے حق میں استعمال کرنا چاہیے۔قبل ازیں انہوں نے سکرنڈ اورقاضی احمد کے دورے کے دوران ذمے داران اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدواروں سے خطاب کیا ۔دریں اثنا محمد حسین محنتی نے وفاقی حکومت کے پیش کردہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کو سودی اورعوام دشمن بجٹ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ بجٹ میں مہنگائی ظلم وناانصافیوں کے مارے غریب عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے۔ جوحکمران کہتے تھے کہ ان کے پاس زہر کھانے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں اس کے برعکس جاگیردارو سرمایہ دارطبقے سمیت صدر، وزرا ومشیروں کی تنخواہ ومراعات میں کٹوتی کے بجائے مزید اضافہ قابل تشویش ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر پی ڈی ایم حکومت نے مہنگائی،لوڈشیڈنگ کے خاتمے اورآئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے جو وعدے کیے تھے وہ سب پی ٹی آئی حکومت کی طرح جھوٹے ثابت ہوئے ۔