مزید خبریں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلیے نجی طیارہ،ہیلی کاپٹر کرائے پر لینے کا بل پیش

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو سرکاری امور کے لیے نجی ہیلی کاپٹر یا ایئر کرافٹ کرائے پر رکھنے کے اختیارات دینے کے لیے صوبائی اسمبلی میں سرکاری بل پیش کیا گیا ہے۔ڈان اخبار کی رپورٹ مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے لیے اوپن مارکیٹ، وفاقی حکومت یا پاکستان ایئر فورس سے سرکاری امور کے لیے نجی ہیلی کاپٹر رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ خیبرپختوانخوا حکومت کے پاس پہلے ہی دو ہیلی کاپٹر ہیں جن میں ایک سوویت تیار کردہ ایم آئی 17 بھی شامل ہے جس کو وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے دیگر اراکین سرکاری امور کے لیے استعمال کرتے ہیں۔یہ بات بھی قابل غور ہے کہ حال ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے خلاف کیے گئے مارچ میں صوبائی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو بڑے پیمانے پر مخالفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔پاکستان تحریک
انصاف کی طرف سے اسلام آباد میں حالیہ مارچ کے لیے سابق وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلیٰ خیبرپختونتخوا محمود خان کے ہمراہ سرکاری ہیلی کاپٹر میں پہنچے تھے۔صوبائی اسمبلی میں پیش کیے گئے بل میں خیبرپختونخوا کے وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات کے ایکٹ 1975 میں ترمیم کا مطالبہ کیا گیا، جس کے تحت وزیراعلیٰ کو ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر کرائے پر لینے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔رکن صوبائی اسمبلی و پینل چیئرمین سمیرا شمس نے صوبائی اسمبلی کی کارروائی کی صدرات کی۔ایکٹ میں ترمیم کی وجوہات بتاتے ہوئے بل متعارف کروانے والے وزیر قانون فضل شکور خان نے بتایا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو حکومت نجی ہیلی کاپٹر یا ایئر کرافٹ کرائے پر لے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس صرف 2 ہیلی کاپٹر ہیں مگر کسی فنی خرابی یا ہنگامی صورتحال میں حکومت کو کسی سفر پر جانے کے لیے کوئی دوسرا انتظام نہیں ہو گا۔ بل کے سیکشن 7 بی میں کہا گیا ہے کہ اس میں بنائے گئے قواعد کے مطابق وزیر اعلیٰ سرکاری قیمت پر کھلی مارکیٹ سے ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر کرایہ پر لے سکتے ہیں یا اسے سرکاری استعمال کے لیے پاکستان ایئر فورس یا وفاقی حکومت سے طلب کر سکتے ہیں۔سیکشن بی 7 کے ذیلی سیکشن 3 میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کسی وزیر یا سرکاری نمائندے کو حکومتی اخراجات پر سرکاری استعمال کے لیے حکومت کا ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پختونخوا