مزید خبریں

کراچی کا اگلا میئر پیپلز پارٹی سے ہوگا، مرتضیٰ وہاب

کراچی (آن لائن) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کا اگلا میئر پیپلز پارٹی سے ہوگا او رپارٹی میں اتنی استعداد موجود ہے کہ وہ کراچی کے مسائل حل کرسکے، کراچی میں بااختیار بلدیاتی نظام ہونا چاہیے، حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمت دیتے وقت ڈومیسائل کی تصدیق کرائی جائے گی ، ملازمت مقامی لوگوں کا حق ہے ان کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونی چاہیے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے کلفٹن میں واقع راشد ربانی فیملی پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی میں جتنے پارک اور کھیل کے میدان ماضی میں اجڑ گئے تھے یا قبضہ کرلئے گئے تھے انہیں دوبارہ سے بحال کررہے ہیں اور تزئین و آرائش کرکے شہریوں کے لئے کھولے جارہے ہیں، انہو ںنے کہا کہ آج اس پارک کو پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راشد ربانی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور کراچی کے سیاسی کارکنوں کی جانب سے انہیں یہ خراج عقیدت ہے، ہمیں اپنے ہیروز کو یاد رکھنا چاہئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ شہریوں پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کیا جائے، آئندہ مالی سال سے پراپرٹی ٹیکس بلدیاتی ادارے جمع کریں گے اور توقع ہے کہ یوٹیلیٹی چارجز بھی بجلی کے بلزمیں شامل کردیے جائیں گے جس سے بلدیاتی اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی۔