مزید خبریں

شر پسند یہود نے فلسطینیوں کی تیار فصل نذر آتش کردی

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کی گندم کی تیار فصل کو آگ لگا کر خاک کردیا۔ یہ واقعہ نابلس شہر کے جنوب میں واقع قسرا نامی قصبے میں پیش آیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق فائر بریگیڈ نے مقامی فلسطینیوں کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پالیا ،تاہم اس دوران وسیع رقبہ جل گیا۔ فلسطینیوں کی فصلوں اور باغات کو یہود کی طرف سے اجاڑنے اور آگ لگا دینے کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس طرح کے واقعات یہودیوں کا حربہ ہیں تاکہ مقامی فلسطینی تنگ آ کر علاقہ خالی کر دیں۔ نابلس کے علاقے میں اسرائیل مزید یہودی بستیوں کی تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ادھر جنین میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا اور زیتون کے کئی درخت جلادیے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعہ کی صبح قلقیلیہ کے مشرق میں ازبیت الطب گاؤں پر آبادکاروں نے دھاوا بول دیا اور مقامی افراد پر پتھراؤ کیا۔ دوسری جانب عبرانی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی وزارتی کمیٹی نے قابض فوج کے درندگی پر مزاحمت کرنے والوں کی سزائیں دگنا کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اخبار کے مطابق لیکوڈ پارٹی نے ایک تجویزپر مبنی مسودہ تیار کیا ہے ،جس کے تحت قابض فورسز اور یہودیوں پر پتھر پھینکنے والے فلسطینیوں کی سزائے قید جو اس وقت زیادہ سے 2سال ہے اسے بڑھا کر 4سال قید کر دیا جائے گا۔ اس بارے میں ایک مسودہ قانون تیار کر لیا گیا ہے جسے اتوار کے رواز پیش کیا جائے گا ۔