مزید خبریں

اسرائیل کا شامی ہوائی اڈے پر حملہ ، پروازیں معطل

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے شامی دارالحکومت دمشق کے ہوائی اڈے پر بمباری کردی،جس کے باعث کئی پروازیں معطل ہوگئیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شام کے ہوائی اڈے پر میزائل داغے جس سے رن وے اور عمارت کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسدی حکومت کے حمایت یافتہ اخبار الوطن کے مطابق اسرائیل نے دارالحکومت دمشق میں ائرپورٹ پر میزائل حملہ کیا ہے۔ حملے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا ، تاہم چند میزائل ہدف تک پہنچ گئے۔حکومتی سطح پر ایئرپورٹ پر میزائل حملے سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا تاہم تمام پروازوں کو بغیر کوئی وجہ بتائے معطل کردیا گیا اور ایمبولینسوں کو ہوائی اڈے کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ دوسری جانب شام میں انسانی حقوق کی مانیٹرنگ کرنے والے برطانوی ادارے سیرین آبزرویٹری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی میزائلوں نے ائرپورٹ کے نزدیک لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا۔ادارے نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیلی حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے جن کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی تاہم اسپتال میں 10 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران شام میں اسرائیل کی جانب سے یہ دوسرا حملہ ہے۔ اسرائیلی حکومت اس طرح کے حملوں کے بعد کوئی بیان جاری نہیں کرتی۔