مزید خبریں

نبی مہربان ﷺ کی ذات مسلمانوں کیلیے والدین سے زیادہ اہم ہے ، جکھرو

سکھر(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سکھر کے تحت بھارت میں بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے نبی مہربان ﷺکے حوالے سے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر سکھر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،جس کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنمائوں مولانا حزب اللہ جکھرو، ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری، زبیر حفیظ شیخ و دیگر نے کی۔ مظاہرے میں نمازیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی رہنما جماعت اسلامی سندھ مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا کہ نبی مہربانﷺ کی ذات مسلمانوںکیلیے اپنے والدین اور اولاد سے زیادہ اہم ہے،کوئی صاحب ایمان مسلمان نبیﷺ کی شان میں توہین برداشت نہیں کرسکتا، بی جے پی رہنما کی جانب سے شان رسالت کی توہین دنیا بھر کے مسلمانوں کیلیے ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس مسئلے پر بھارت سے فوری جواب طلبہ کرے اور بھارت کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خطیب جامع مسجد سکھر اور رہنما علمی مجلس تحفظ ختم نبوت قاری جمیل احمد نے کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کا مسئلہ مسلمانوں کے دین و ایمان کا مسئلہ ہے۔ہندو انتہا پسند تنظیم بی جے پی کی خاتون رہنما کی جانب سے توہین آمیز الفاظ کی ادائیگی مسلمانوں کیخلاف بی جے پی کی نفرت کا اعلان اور بھارت کے مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے،حکومت پاکستان اس سلسلے میں فوری کرداد ادا کرے،مظاہرے سے مولانا عبداللطیف اشرفی، عبدالباری انصاری، ادریس میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔