مزید خبریں

کوٹری: ڈسپلے سینٹرز میں غیر حتمی انتخابی فہرستیں آویزاں

کوٹری (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جامشورو عبدالقادر راجپوت نے اپنے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر ضلع کے چاروں تعلقوں میں 82 ڈسپلے سینٹر قائم کردیے گئے ہیں جہاں غیر حتمی انتخابی فہرستیں آویزاں کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلے سینٹر پر الیکشن کمیشن کا عملہ ووٹ کے اندراج کوائف میں تبدیلی درستگی اور متعلقہ علاقہ کی فہرست میں اندراج کے لیے کام مسلسل جاری ہے جہاں عوام فہرست میں اپنا اور اپنے خاندان کے فرد کا نام فہرست میں باآسانی چیک کر سکتے ہیں جو کہ 19 جون تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ سے متعلق اپنی شکایت کے ازالہ کے لیے متعلقہ پرفارما پر کرکے جمع کرائیں جس کے تحت ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ کی فہرست میں اندراج کے لیے فارم 15 ووٹ پر اعتراض کے لیے فارم 16 اور کوائف میں تبدیلی کے لیے فارم 17 متعلقہ دفاتر سے حاصل کرکے جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ڈسپلے سینٹر کا دورہ کرکے انتخابی فہرست کا جائزہ لیں تاکہ کسی بھی غلطی یا اعتراض کو دور کرکے حتمی فہرست کو مکمل کیا جاسکے۔