مزید خبریں

حیدرآباد ، توہین رسالت پر پورا شہر سراپا احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)بھارتی حکومتی جماعت بی جے پی ترجمان کی جانب سے بھارتی چینل پرشان رسالت ﷺ میں گستاخی کے خلاف منائے جانے والے یوم احتجاج کے سلسلے میں مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی تنظیموں سمیت شہری سراپا احتجاج بن گئے اور بعد نماز جمعہ مختلف علاقوں سے احتجاجی ریلیاں نکال کرپریس کلب کے سامنے پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔اس سلسلے میں تحریک حرمت رسول سندھ ،اللہ اکبر تحریک پاکستان اور جمعیت علماء اسلام (س) کی جانب سے گاڑی کھاتہ چوک سے پریس کلب تک مشترکہ ریلی نکالی گئی جس کی قیادت محمد عابد ،فاروق خانزادہ،محمد اکرم عادل اورعبدالواحدسواتی کر رہے تھے، رہنمائوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بی جے پی لیڈروں کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی کے معاملے کو او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر اُٹھائے ۔ پاکستان سنی تحریک حیدرآباد کی جانب سے حیدرچوک سے تحفظ ناموس رسالت ریلی نکالی گئی جو کہ مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے سنی تحریک کے صوبائی رہنما مولانا خالد حسن عطاری ،عمران سہروردی ،شفیق میئو قادری،بچل بلوچ سلطانی،سید ساجد علی کاظمی، فقیر محمد عطاری،علامہ جواد برکاتی،علامہ احمد علی سعیدی اور دیگر نے کہا کہ حرمت رسول کی حفاظت ہمارے دین کا حصہ ہے مسلمان سب کچھ قربان کر سکتے ہیں لیکن حرمت رسول پر آنچ نہیں آنے دیں گے ،انہوں نے کہا کہ ایک نبی کی گستاخی تمام انبیاء کی گستاخی کے مترادف ہے ۔تحریک لبیک پاکستان کے تحت ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی بی جے پی کی ملعون رہنما کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی کے خلاف کوہ نور چوک سے پریس کلب تک ناموس رسالت مارچ کیا گیا ہے جس کی قیادت سندھ کے صوبائی ناظم اعلیٰ صوفی یحییٰ قادری اور ضلعی امیر صوفی رضا محمد عباسی کررہے تھے ،اس موقع پر رہنمائوں نے کہا کہ انڈیا میں بی جے پی کی ملعونہ خاتون رہنما کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی ناقابل برداشت عمل ہے اس غلیظ حرکت کے خلاف امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی ہدایت پر پورے پاکستان سمیت سندھ بھر میں ناموس رسالت مارچ نکالے جارہے ہیں ۔ تحریک پیغام حسین کے زیر اہتمام علامہ پیر سید عبدالغنی حسینی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں مشائخ اتحاد کونسل اور جماعت اہلسنت سمیت علماء و مشائخ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور بی جے پی لیڈروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیاکہ مسلم دشمنی پر مبنی واقعات کی روک تھام کیلیے موثر حکمت عملی بنائی جائے ۔جمعیت علماء اسلام (ف)حیدرآباد کی جانب سے بھارتی ترجمان کے خلاف صوبائی سیکرٹری اطلاعات وضلعی امیر مولانا تاج محمد ناہیوں ،مفتی حبیب اللہ ،حافظ خالد حسن دھامرا اور محمد اعظم جہانگیری سمیت دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع رہنمائوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس واقعہ پر حکومتی سطح پر بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے اور بھارتی سفیر کو بلا کر سخت احتجاج کیا جائے ۔سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (سپاف)ضلع حیدرآباد کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیاگیا اس موقع پر تنظیم کے رہنمائوںقادر ابڑو،مقصود پالاری اور قدوس سولنگی نے بھارتی حکومتی جماعت بی جے پی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کو عالمی سطح پر کالعدم قرار دلانے کیلیے آواز بلند کی جائے ۔