مزید خبریں

دھابیجی: نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کیخلاف مذہبی جماعتوں کی ریلی

دھابیجی(نمائندہ جسارت)انڈیا کی شرپسند تنظیم (بی،جے،پی) کی جانب سے حضرت محمد ؐکی شان میں گستاخی کرنے کے خلاف دھابیجی میں اہلسنّت و الجماعت، تحریک لبیک، جمعیت علماء اسلام، تحریک اللہ اکبر،سنی تحریک ودیگر مذہبی جماعتوں کی جانب سے قاری محمد فیاض دیشانی ودیگر کی قیادت میں جامع آل عبداللہ سے غریب آباد مارکیٹ تک ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے مختلف پلے کارڈ اور بینرز اُٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قاری محمد فیاض،مولانا عبدالقادر اعوان، قاری جمال،حافظ سعید الرحمن، مولانا افتخار حضروی، مولانا عبدالخاق، شیخ ارسلان، ناصر جتوئی، عرفان احمد شیخ، قاری عبدالرزاق صدیقی ودیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں انڈیا کی حکمران جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے سرکار دو جہاں ہمارے پیارے نبی حضرت محمدؐ کی شان میں گستاخی کرکے امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ حکومت پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلم ممالک کے سربراہان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عاشق رسولؐ ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت کیخلاف نہ صرف سخت احتجاج کریں بلکہ تمام امت مسلمہ بھارت کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے ان سے تمام معاملات اور کاروبار کو ترک کردیں۔