مزید خبریں

گستاخانہ بیانات کیخلاف ارکان پارلیمنٹ کا بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ میں ہر موضوع پر بحث مباحثہ کرنے والی سیاسی جماعتیں ناموس رسالت کے لیے متحدہوگئیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر قیادت سینیٹرز نے بھارت میں ہرزہ سرائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نے سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کے ہمراہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے خاتم البنیین ؐکی شان میں بی جے پی کی ترجمان نوپر شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ احتجاج کے بعد چیئرمین سینیٹ نے سینیٹرز کے ہمراہ ایوان بالا سے اس حوالے سے متفقہ طور پر منظور ہونے والی مذمتی قرار داد بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کے حوالے کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بی جے پی کی ترجمان کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جو کسی بھی مسلمان کے لیے قابل قبول نہیں ہے‘ نوپر شرما کے بیان نے اُمت مسلمہ کی نہ صرف دل آزاری کی ہے بلکہ بھارتی حکومت کا مکروہ چہرہ بھی دنیا کے سامنے عیاں کیا ہے‘ ترجمان کے گستاخانہ بیان کی پاکستان کے دونوں ایوانوں اور عوام نے شدید مذمت کی ہے اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے‘ اقوام عالم حضور اکرم ؐ کی شان میں ترجمان بی جے پی کی گستاخی کے بیان کو سنجیدہ لے اور بھارت کے ساتھ اپنے سفارتی، معاشی اور سیاسی تعلقات کو ختم کرے تاکہ مستقبل میں بھارت ایسی گستاخی کی جرأت نہ کر سکے‘ عالم اسلام کے کروڑوں مسلمان ناموس رسالتؐ پر اپنی جان و مال قربان کرنے کو تیار ہیں۔چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ احتجاج میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم و دیگر سینیٹرز نے خطاب کرتے ہوئے گستاخانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سینیٹر زکیشو بائی اور دنیش کمار نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی دوسرے مذہب کی گستاخی کی اجازت نہیں دیتا۔