مزید خبریں

مقبوضہ کشمیر: گستاخانہ بھارتی بیان کیخلاف احتجاج، شٹر بند ہڑتال

سرینگر (اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں پیغمبر اسلام خاتم النبیینؐ کے بارے میں بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے عہدیداروں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج، مکمل شٹر بند ہڑتال، ٹریفک معطل، قابض انتظامیہ نے عوام کو احتجاج سے روکنے کیلیے کرفیو لگادیا، مساجد میں تالے ڈال دیے، نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے تاجروں کو ہڑتال کرنے پر خطرناک نتائج کی دھمکی دے رکھی تھی تاہم دھمکیوں کے باوجود دکانیں اور کاروباری ادارے بند رکھے گئے۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو مظاہرے سے روکنے کیلیے جموں خطے کے بھدرواہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں کرفیو نافذ کیا اور پوری وادی کشمیر میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کردیے۔ سری نگر شہر اور جموں خطے کے کئی اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کردی۔ حکام نے جامع مسجد سری نگر اور علاقے کی بہت سی دیگر مساجد کو بھی تالے لگا کر لوگوں کو جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ تاہم بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بھاری تعیناتی کے باوجود لوگوں نے سرینگر، بڈگام اور دیگر علاقوں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں اور گستاخوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔