مزید خبریں

الخدمت اسپتالوں میں اسلامی طرز پر سہولتیں دیں گے،ڈاکٹر عثمان ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت کر اچی کے تحت ’’ ہاسپٹل گائیڈلائنز اینڈ اسسمنٹ ٹولز‘‘ کے عنوان سے مرکزی دفتر میں ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔ ورکشاپ میں وائس چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤ نڈیشن و ڈائریکٹر الخدمت راضی اسپتال ڈاکٹر عثمان ظفر نے تربیتی سیشن سے خطاب کیا ۔اس موقع ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، ایم ڈی الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن سفیان احمد ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الخدمت اسپتال ڈاکٹر ضیافت، ڈاکٹرز اور اسپتالوں کے ایڈمنسٹریٹرز نے شرکت کی ۔ڈاکٹر عثمان ظفر نے کہا کہ صحت کی تمام سروسزکو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچانا ہمار اعظیم مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھرمیں الخدمت ہسپتال سسٹم کو اسلامی طرز کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔جہاں الخدمت مینجمنٹ، کنسلٹنٹ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی اس حوالے سے خصوصی تربیت کا اہتمام کرے گی تاکہ ہیلتھ کیئر ورکرز دوران ڈیوٹی عبادات کی ادائیگی کے ساتھ مریضوں کے لیے بہتر اور منظم انداز میں سروسز فراہم کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عوامل کو اسپتال سسٹم پر لاگو کرنے کیلیے ایس اور پیز بنا دیے گئے ہیں ،بہت جلد ہیلتھ سیکٹر میں بہترین میڈیکل اسٹاف کی تیاری یقینی بنائیں گے اور یہ سیکٹر کے بہترین مسلمان ڈاکٹرز اورہیلتھ ورکرز ہوں گے ۔راشد قریشی کا کہنا تھا کہ الخدمت کراچی کے شہریوں کو معیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے ۔ہماری کوشش ہوتی ہے اسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی زحمت نہ اٹھانی پڑے اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز اور پیر میڈیکل اسٹاف کے نزدیک سب سے اہم ذمہ داری لوگوں کی خدمت ہوتی ہے ۔