مزید خبریں

ن سے ش نکلنے کی پیشگوئی کی تھی،دیکھ لو ش نے حکومت بنالی،شیخ رشید

راولپنڈی (آن لائن،صباح نیوز)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، میں نے جون جولائی ملکی سیاست کے لیے اہم ترین قرار دیے تھے اور پیشگوئی کی تھی کہ نون سے شین نکلے گی، اب دیکھ لو شین نے حکومت بنالی ہے۔بھارت میں شان رسالت میں گستاخی کے خلاف احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن میں بیٹھنے کے لیے بھی تیار ہیں، ملک میں سول نافرمانی ،خانہ جنگی کی کوشش کی جارہی ہے ،غریب کو مار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان مقصود چپڑاسی کو روتا رہا اور شہباز شریف کے آتے ہی مقصود چپڑاسی مر گیا یا مار دیا گیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ سازش سے عمران خان کو ہٹایا گیا یہ ایک غیر ملک کی سازش تھی، یہ حکومت عوام دشمن فیصلوں کیلیے لائی گئی ہے، عمران خان عنقریب اسلام آباد میں ریلی نکالنے والے ہیں جس کی قیادت وہ فیض آباد سے کریں گے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا سے آئے نوٹ میں 6 بار عدم اعتماد 4 بار عمران کا ذکر کیا گیا ہے کہ عدم اعتماد کامیاب کرو تو معاف کریں گے، پاکستان میں بھارت نواز حکومت چور دروازے سے لائی گئی جو ایک ووٹ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت بھارت سے تعلقات رکھتی ہے اور اب بجلی، گیس، پٹرول سب کچھ بڑھا دیے ہیں، عمران خان جلد مہنگائی کے خلاف بڑے جلوس میں فیض آباد سے اسلام آباد تک ریلی قیادت کریں گے، یہ حکومت نہیں چل سکتی نئے انتخابات کرانا پڑیں گے۔علاوہ ازیںسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 45 دن سیاست کے لیے بہت اہم ہیں، اگر جلد انتخابات نہیں ہوئے تو ملک میں خانہ جنگی کے حالات ہوجائیں گے۔ اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ جب کہتا تھا ش حکومت بنائے گی تو لوگ ہنستے تھے، اب دیکھیں یہ کیا ہو رہا ہے، ان لوگوں نے مقصود چپڑاسی کو مروا دیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ملک میں الیکشن کروائیں، ہمیں کسی اور نے نہیں امریکی طاقت نے مسترد کیا، امید ہے 14 اگست سے پہلے الیکشن کا فیصلہ ہوجائے گا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تنخواہ بڑھانے سے غریب کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔