مزید خبریں

مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق متعدد جھوٹ بولے،اسد عمر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق متعدد جھوٹ بولے ہیں اور امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بجٹ کی شکل میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، مفتاح اسماعیل نے چند ماہ پہلے قوم کو کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت 137 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور اب 210 روپے پر لے گئے ہیں۔اسد عمر نے مزید کہا کہ اسی طرح مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا تھا کہ 12 روپے یونٹ سے زیادہ بجلی نہیں ہونی چاہیے اور اب اس میں بھی 7 سے 8 روپے اضافہ کر دیا ہے، بجٹ پڑھنے سے قبل حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ایک سال کی نسبت بنیادی اشیا پر مہنگائی میں 24 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے، ایک طرف تو مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف معیشت تیزی سے تباہ ہورہی ہے، سیمنٹ کی سیل میں 16 فیصد کمی آ چکی ہے سیمنٹ کی سیل متاثر ہونے سے تعمیرات رک جائیں گی اور اس سے منسلک افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔ قوم کواس امپورٹ حکومت سے نجات دلانے کا وقت آن پہنچا ہے۔علاوہ ازیں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے بجٹ پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے شروعات ہی جھوٹ اور بدنیتی سے کی ہے معاشی ترقی کی شرح 5فیصد نہیں رہے گی ان کے اعدادوشمار میں تضاد ہے۔ مہنگائی 25 سے 30فیصد جانے کا امکان ہے جیسے جیسے بجلی گیس کی قیمتیں بڑھیں گی مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔بجلی ، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا ذکربجٹ میں نہیں۔ شوکت ترین نے کہا کہ معلوم نہیں آئی ایم ایف نے اس بجٹ کی کیسے منظوری دی ہے انہوں نے بہت سی ایسی چیزیں کیں جس سے ہمیں روکا گیا تھا، 25 سے 20 فیصد مہنگائی پر جاکر شرح سود بڑھائی جائے گی اور شرح سود بھی 28،30 فیصد پر جائے گی کاروبارکیسے چلے گا۔