مزید خبریں

توہین مذہب کا مقدمہ :پی ٹی آئی رہنمائوں کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد (اے پی پی+مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں فواد چودھری، قاسم سوری ، حلیم عادل شیخ ودیگر کی گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے مقدمات سے متعلق تفصیلات کے لیے دوبارہ نوٹسز جاری کردیے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے توہین مذہب کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری اور قاسم سوری کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ ابھی جو مقدمات ہوئے ہیں ان میں کیا ہوا؟ اس پر درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ ہمیں پتا ہی نہیں کہ ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں۔ وکیل کے جواب پر عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو مقدمات کی تفصیلات سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ کچھ وقت دے دیں، میں سیکرٹری داخلہ کی طرف سے رپورٹ پیش کردیتا ہوں۔بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری اور قاسم سوری سمیت دیگر کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 28 جون تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔