مزید خبریں

ملکی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر چیزیں نہیں چل سکتیں،پرویز الہیٰ

لاہور (صباح نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر چیزیں نہیں چل سکتیں‘ آصف زرداری نے شہباز شریف کو لاوارث کر دیا‘ 2018ء سے پہلے عمران خان کا کوئی وجود نہیں تھا‘ سیاسی جماعتیں جب تک مل کر نہیں بیٹھیں گی تو چیئرمین نیب اور الیکشن کمشنر کون لگائے گا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیاست ہماری جماعت کے گرد گھوم رہی ہے اور شہباز حکومت صرف 2 ووٹوں سے قائم ہے جو طارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک کا ووٹ ہے‘ حکمران باہر نکل کے لوگوں کو کیا بتائیں گے؟ ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے کسان رل گئے ہیں‘ پی ٹی آئی سے پرانا تعلق ہے اور شریف خاندان کو 20 سال سے دیکھ چکے ہیں‘ شہباز شریف کہتے تھے آصف علی زرداری کو گھسیٹوں گا لیکن اب آصف زرداری وزیر اعظم کو گھسیٹ رہے ہیں اور آصف زرداری نے شہباز شریف کو لاوارث کر دیا‘ عمران خان کو اچھا لگے یا برا، کہہ دیتا ہوں کی یہ غلط ہوا اس کو ٹھیک کریں اور2018 ء سے پہلے عمران خان کا کوئی وجود نہیں تھا بس ان کا شوق تھا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران خان نے حکومت بنائی تو 7 ووٹوں کا مارجن تھا اور ہمارے 11ووٹ تھے اس لیے عمران خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے‘ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان پھر کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کہاں سے ووٹ لے گی؟ اور عمران خان ضمنی انتخابات کے سلسلے میں حلقوں میں خود جائیں گے‘ ملکی سیاست میں چیزیں اسٹیبلشمنٹ کے بغیرنہیں چل سکتیں، سیاسی جماعتیں کہتی تو ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ دخل نہ دے لیکن جب تک وہ سب کو مل کربیٹھیں گے نہیں تو چیئرمین نیب اور الیکشن کمشنر کیسے اورکون لگائے گا۔