مزید خبریں

ویسٹ انڈیز کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست،پاکستان نے سیریز جیت لی

ملتان(سید وزیر علی قادری) پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔پاکستان کے 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیر کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 33ویں اوور میں 155 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شامار بروکس 42 اور کائیل میئرز 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 275 رنز بنائے، بابر اعظم 77 اور امام الحق 72 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ خوشدل شاہ اور شاداب خان 22، 22 رنز، فخرزمان 17 ، محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اختتامی اوورز میں محمد وسیم 17 اور شاہین آفریدی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الزاری جوزف اور اینڈرسن فلپ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی گئیں ،ویسٹ انڈیز کی جانب سے شامار بروکس اورکائیل میئرز نے کچھ مزاحمت کی پر وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلوا سکے۔شامار بروکس 42 اورکائیل میئرز 33 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ کپتان نکولس پورن 25 اور رومین پاؤل 10 رنز بناکر ا?ؤٹ ہوئے۔پاکستانی بولرز نے پوری ویسٹ انڈین ٹیم کو 33 ویں اوور میں 155 رنز پر ڈھیرکرکے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 19 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے کہ سیریز کا آخری ون ڈے 12 جون کو کھیلا جائے گا۔