مزید خبریں

عامر لیاقت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عامر لیاقت حسین کو عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں سپردخاک کردیا گیا۔ عامر لیاقت کی نماز جنازہ جمعے کو بعد نماز عصر عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی گئی جس میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نماز جنازہ عامر لیاقت کے بیٹے احمد عامر نے پڑھائی۔ نماز جنازہ بعد نماز جمعہ ہونی تھی تاہم پولیس کی جانب سے پوسٹ مارٹم کے بغیر میت اہل خانہ کے سپرد کرنے سے انکار کے باعث تاخیر ہوئی، پولیس کا موقف تھا کہ پوسٹ مارٹم موت کی وجہ جانے کیلیے لازمی اور ایک قانونی ضرورت ہے جس کے بغیر لاش ورثاء کے حوالے نہیں کی جاسکتی۔ تاہم عامر لیاقت کی پہلی سابقہ بیوی بشری اقبال، بیٹے احمد عامر اور بیٹی دعا کی جانب سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی عدالت سے رجوع کیا گیا، جہاں سے میت کے مکمل بیرونی معائنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے، جس کے بعد پولیس نے میت پوسٹ مارٹم کے بغیر ورثا کے حوالے کردی تاہم اس سے قبل پولیس سرجن نے لاش کا بیرونی معائنہ کرکے اس کی رپورٹ تیار کرلی۔