مزید خبریں

ورلڈ بینک کے نمائندے کا پنجاب کا دورہ‘محکمہ لائیو اسٹاک سے ملاقات

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی بینک کے نمائندہ خصوصی جیان کارلو فراری نے پنجاب کا دورہ کیا۔ انہوں نے ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ کی کور ٹیم برائے لمپی اسکن بیماری سے متعلق ملاقات کی۔ دورے کا مقصد پنجاب کے محکمہ لائیو اسٹاک کی طرف سے اس جلدی بیماری پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ محکمہ لائیواسٹاک کے ماہرین سے ملاقات میں صوبے میں لمپی اسکن بیماری کی موجودہ صورتحال، محکمے کی ڈیزیز رپورٹنگ، تشخیص اور ویکسی نیشن کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی ریسرچ ڈاکٹر عبدالرحمن نے اجلاس کو پنجاب میں بیماری کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ محکمے لائیواسٹاک کے حکام نے ورلڈ بینک کے ساتھ تکنیکی تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ جیان کارلو فراری نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے لمپی اسکن بیماری سے بچاو کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ خصوصی نمائندے نے لمپی اسکن بیماری کی روک تھام کے اقدامات میں ویکسین کی تیاری، بیماری کی رپورٹنگ اور کمیو نیکیشن ونگ کے کردار کی بھی تعریف کی۔