مزید خبریں

۔2023ء میں کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم ہوجائے گی ،وزیر توانائی سندھ

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ 2023ء میں کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم ہوجائے گی، وزیر اعلیٰ سندھ نے کے ای کے سی او کو بلایا تھا ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور فرنس آل سے بجلی مہنگی بنتی ہے 9 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا بتایا گیا ہے اگر کسی کے پاس شواہد ہیں کہ کے ای فرنس آل استعمال نہیں کرتی تو ثبوت دیں ہم کارروائی کریں گے۔ سندھ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امتیاز شیخ نے کہا کہ مارکیٹیں جلد بند کرنے کا مسئلہ مستقل نہیں ہے بلکہ عارضی ہے اور اس پر تاجر برادی سے مشاورت سے فیصلہ کریں گے موجودہ حکومت باہمی حکمت عملی کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہے، امتیاز شیخ نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران کی ذمے داری سابق حکومت پر عاید ہوتی ہے لوڈ شیڈنگ پر نااہل سابق وزراء کی تنقید انہی کی حکومت کا تحفہ ہے موجودہ حکومت ملک کو جلد توانائی بحران سے نکال لے گی۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ شیخ رشید کے گزشتہ روز کے بیان سے بھی واضح ہوتا ہے کہ عمران خان مسائل کی بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کا واحد حل صرف سندھ کے پاس ہے اور یہ بات ہم نے سابق حکمرانوں پر بھی واضح کردی تھی مگر سندھ دشمنی میں ہماری بات پر دھیان نہیں دیا گیا۔ امتیاز شیخ نے بتایا کہ کوئلے سے چلنے والے 660 میگاواٹ کے 2 بجلی گھر اس سال فعال ہوجائیں گے،1320 میگاواٹ کا شنگھا ئی الیکٹرک کا پاور پلانٹ بھی بہت جلد کام شروع کردے گا انہوں نے کہا کہ سندھ سب سے سستی بجلی فراہم کررہا ہے، کوئلے سے گیس،ڈیزل اور فرٹیلازر بنانے کے منصوبوں کو سی پیک کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، سابق حکومت نے سی این جی اور ایل این جی پر چلتے ہوئے معاہدے ختم کیے ہیں 175 ملین ٹن کا کوئلہ سندھ میں پڑا ہوا ہے ،620 میگاواٹ کے پلانٹ کوئلے سے لگا چکے ہیں مزید بھی لگا رہے ہیں۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ ریلوے لائن کا منصوبہ التوا کا شکار ہے وفاقی وزیر توانائی سے بات ہو ہے امید ہے تمام منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کے دور میں ہوا اور سورج کی روشنی سے بجلی بنانے کے منصوبوں کو مسترد کردیا گیا تھا ان منصوبوں کو وفاق کے سامنے دوبارہ اٹھا رہے ہیں ۔امتیاز شیخ نے کہا کہ بجلی اور گیس کے وفاقی اداروں میں صوبوں کو نمائندگی دی جائے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت جانے کے بعد عمران خان ذہنی مریض بن چکے ہیں ہمارے پاس حیدرآباد میں اچھا اسپتال ہے ان کا بہترین علاج کیا جائے گا۔