مزید خبریں

بلوچستان کے ڈرائیورکے بیٹے کا پی سی بی پاتھ وے تک کا سفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسان اگر کچھ حاصل کرنے کی ٹھان لے توپھر راستے میں کھڑی چٹانیں بھی ریزہ ریزہ ہوجاتی ہیں۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ عبدالواحد بنگلزئی کی داستان بھی اسی کی ایک مثال ہے۔ کوئٹہ کے غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے عبدالواحد بنگلزئی نے نامساعد حالات اور محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت اور لگن سے اپنا شوق جاری رکھا۔ نوجوان بیٹر کے والد محکمہ زراعت میں ڈرائیور کی حیثیت سے ملازمت کررہے ہیں اور انہوں نے دوستوں سیرقم اْدھار مانگ کر اپنے بیٹے کو پہلے کرکٹ کیمپ میں شرکت کے لیے سفید کٹ خرید کر دی تھی۔عبدالواحد بنگلزئی نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد ڈومیسٹک سیزن 22-2021 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔وہ اب پی سی پاتھ ویز پروگرام کے اْن 107 باصلاحیت کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں 30ہزار روپے ماہوار کے علاوہ تعلیمی اسکالرشپ بھی ملے گا۔ان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کوچز کی زیرنگرانی تربیت بھی دی جائے گی۔نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں یاد ہے کہ ان کے پاس کرکٹ کھیلنے کے لیے جوتے نہیں تھے، وہ میچ کھیلنے کے لیے بس کی چھت پر بیٹھ کر سفر کرتے تھے تاکہ کرایہ کم دینا پڑا۔