مزید خبریں

اللہ کی رحمت سے گز مایوس نہیں ہونا چاہیے،سہیل عطاری

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر) دعوت اسلامی میٹرو پولیٹن سٹی حیدرآباد کے نگران محمد سہیل عطاری نے کہا کہ ہمیں اللہ کی رحمت سے ہر گز مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ اللہ کریم ثواب کی نیت سے والدین کے چہرے یا ان کی قبور کی زیارت کرنے والوں کو مقبول حج کاثواب اور مغفرت کی دعا کرنے والوں کے رزق میں کشادگی پیدا فرما دیتا ہے۔دنیا میں آنے کی ترتیب ہے لیکن جانے کی نہیں، دادا اور والدین کے سامنے بیٹا اور پوتا دنیا سے رخصت ہوجاتا ہے۔ جب بندہ قرآن پڑھتا ہے تو فرشتہ اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان بوسہ دیتا ہے۔وہ دعوت اسلامی کے شعبہ میڈیا کے محمد عارف عطاری کی بھابھی اور بڑے بھاء محمد عمر عطاری کی اہلیہ مرحومہ کی فاتحہ چہلم کے سلسلے میں منعقدہ محفل ذکر ونعت کے اجتماع سے مقامی گارڈن میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مبلغ دعوت اسلامی حاجی محمد دانش عطاری، محمد رضوان عطاری، محمد نعیم تغلق،ناصر شیخ،عارف بلال،شاہد نواز،عمران میمن،محمد مصطفی، محمد رفیق،محمد نعمان اور جنید عطاری،محمد اسد عطاری،محمد شاہد، اقبال عطاری سمیت عاشقان رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مبلغ دعوت اسلامی محمد سہیل عطاری نے کہاکہ ہمارا سارا دن موبائل کو باربار کھولنے اور دیکھنے میں گزر جاتا ہے۔کسی دوست کا کوئی پیغام نہ آیا ہو تو بے چینی ہونے لگتی ہے ہم نے کبھی سوچا کہ اللہ کا قرآن دن میں کتنی بار کھول کر دیکھا ہے؟