مزید خبریں

حیدرآباد ڈویژن میں کاروبار صبح 8بجے سے رات 8 بجے تک ہوگا

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے بجلی کی بچت کے سلسلے میں حکمت عملی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تاجرتنظیموں، پولیس اور ریونیو افسران سے شہباز ہال حیدرآباد میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ملک میں بجلی کی کمی کے پیش نظرحیدرآباد ڈویژن میں کاروبار صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک اور شادی ہال رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس پر آج بروز جمعہ سے عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد نے تاجر برادری کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے کاروباری اوقات صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک اور شادی ہالز رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کے فیصلے پر عملدرآمد کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بجلی کی بچت کر کے بجلی کی کم پیداوار ی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ اجلاس میں تاجر برادری کے نمائندوں نے کہا کہ پولیس کو ہدایت دی جائے کہ وہ دکانیں بند کرنے کے وقت تاجروں پر سختی کرنے سے گریز کریں تاکہ تاجر اپنا سامان محفوظ طریقے سے دکانوں میں رکھ سکیں۔تاجروں نے حیسکو انتظامیہ کی جانب سے کاروباری اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے سے متعلق بھی شکایات کیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے تاجروں کے جائز مسائل کے حل کی یقینی دہانی کرائی۔