مزید خبریں

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت انتقال کرگئے

اسلام آباد ( آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 49 برس کی عمر میں انتقال کر گئے عامر لیاقت حسین کے سوگواران میں ایک بیٹا اور بیٹی ہیں۔ڈی آئی جی شرقی مقدس حیدر نے عامر لیاقت کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی کی رات میں طبیعت بگڑ گئی تھی اور حالت زیادہ خراب ہونے پر ان کو آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جب کہ پولیس کا موقف ہے کہ موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، فی الحال ان کا گھر سیل کرکے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عامر لیاقت حسین کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے، بعدازاں دروازہ زبردستی کھولا گیا تو عامر لیاقت حسین مردہ حالت میں پائے گئے۔عامر لیاقت کے ملازم کا بیان ہے کہ انہیں رات سے ہی سینے میں تکلیف تھی، ہم نے رات کو ہی انہیں اسپتال لے جانے کا کہا مگر انہوں نے منع کر دیا تھا، کمرے میں انہیں مردہ حالت میں پایا تو شور مچایا جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے جن کی مدد سے عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے رکن قومی اسمبلی کے انتقال کی خبر ملتے اجلاس جمعہ کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف،پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان،سابق صدر آصف علی زرداری،وزیر خارجہ بلاول زرداری ،سابق وزیر داخلہ شیخ رشیدنے عامر لیاقت کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔