مزید خبریں

شان رسالت میں گستاخی،حیدرآباد میں ریلیاں ،اعلان جہاد کا مطالبہ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)شان رسالت میں گستاخی کے خلاف ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی پاک ؐ کی شان میں گستاخی پر صرف مذمت سے کافی نہیںگستاخ ملک کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے۔ تفصیلا ت کے مطابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد کی کال پر ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی حیدر چوک سے تحفظ ناموس رسالت ؐریلی نکالی گئی، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ مرزا نعمان بیگ کی قیادت میں ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی اس موقع پر مرزا نعمان بیگ ،جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحید قریشی‘ امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عقیل احمد خان‘ ‘ ناظم حیدرآباد جمعیت معاذ عارف قریشی‘ سیکرٹری ظہیر الدین شیخ اورجے یو آئی یوتھ کے ضلعی صدرعرفان قائم خانی نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت نے نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کرکے عالمی دہشت گرد ہونے کا ثبوت دیا ہے اگر اقوام متحدہ دنیا میں امن چاہتی ہے تو پھر ناموس رسالت ؐ کے قانون کو عالمی سطح منظور کیاجائے ایک عرصہ سے سیکولر اور لبرل کا لبادہ اوڑھے بھارت سرکاری سطح پر مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے دہشت گرد بی جے پی اور آر ایس ایس نے مسلمانوں کے لیے عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے امت مسلمہ سب کچھ برداشت کرسکتی ہے لیکن ناموس رسالت ؐ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا انہوںنے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ محض مذمت سے کام نہیں چلے گا بھارتی کھلی دہشت گردی کے خلاف اعلان جہاد کیاجائے اس سے تمام سفارتی ‘ تجارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے بھارتی سفیر کو نکال باہر کیاجائے ۔دوسری جانب باندھی میں علامہ صاحبزادہ افتخاراحمدعباسی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں سیکڑوں عاشقان رسول نے شرکت کی۔ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب باندھی پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سروراحمد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستان کی جانب سے کی گئی گستاخی کی مذمت کرتے ہیں ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں مگر گستاخی رسول ہرگز برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے بھارتی سفیر کو ملک بدر اور تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ریلی سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان نورانی کے مرکزی نائب صدر صاحبزادہ افتخاراحمدعباسی نے کہاکہ انڈیا وقتافوقتا ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہاہے جس سے مسلمانوں اور پاکستانیوں کی دل آزاری ہوتی رہے افسوس اس بات کا ہے کہ اقوام متحدہ میں بل منظور ہونے کے باوجود انڈیا کو اس سے کوئی روکنے کی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پارٹی کی رکن نپورشرما کی بیہودہ اور گستاخانہ باتیں دنیا کا امن خراب کرسکتی ہیں، میری نظر میں اس سے بڑی کوئی مذہبی دہشتگردی نہیں ہے کہ محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی جائے صاحبزادہ افتخاراحمدعباسی نے کہاکہ اگر دنیا کا امن قائم کرنا ہے تو یہود و ہنود کو بھی رسول اللہؐکی تکریم اور تعظیم کرنی ہوگی ورنہ کوئی بھی غیرت مند مسلمان اقوام عالم کو امن کی گارنٹی نہیں دے سکتا ۔ ریلی میں ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی طارق جاوید، جنرل سیکرٹری سردار احمد آرائیں ،محمود اقبال، ظفرعلی آرائیں، محمد انور آرائیں، شبیراحمد آرائیں، قاری اصغرعلی، حافظ زبیراحمد، حافظ عبدالعزیز ودیگرنے بھی شرکت کی۔