مزید خبریں

پی ٹی آئی ممنوع فنڈنگ کیس میں جانب داری کاالزام

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے سے روکنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ اگلی سماعت پر عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ الیکشن کمیشن باقی سیاسی جماعتوں کی ممنوع فنڈنگ کب مکمل کرے گا۔ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں2رکنی بینچ نے کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے حنیف عباسی کیس میں سب جماعتوں کی ا سکروٹنی کی ہدایت کی تھی، الیکشن کمیشن باقی پارٹیوں کا کیس اس طرح نہیں چلا رہا جس طرح ہمارا چلایا جارہا ہے، مسئلہ یہ ہے کہ شوکاز نوٹس بھی ہمارے لیے سیاسی اثرات چھوڑ سکتا ہے پی پی پی اور مسلم لیگ نون کے فنڈز بھی 2008 سے 2013 کے درمیان دیکھنے کی کمپلینٹ ہے ہو سکتا ہے نہ بھی ہو لیکن اگر شوکاز نوٹس ہوتا ہے تو اس کے سیاسی اثرات ہوں گے جس پر عدالت نے کہا کہ یہ فارن ایڈڈ پارٹی کا کیس نہیں ممنوع فنڈنگ کا کیس ہے، صرف ممنوع فنڈنگ ثابت ہوجائے تواسے بحق سرکارضبط کیا جاسکتاہے، نیشنل پارٹی کی طرح کوئی پابندی نہیں لگ سکتی۔ عدالت نے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔