مزید خبریں

نیب کو ختم کردیں ورنہ ملک چلانا مشکل ہوجائے گا، شاہد خاقان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ4 سال کی نالائقیاں ایک دن میں ختم نہیں ہوں گی، کمی ضرور ہوگی مگر لوڈشیڈنگ ہوتی رہے گی، سیاستدانوں کے اثاثوں کی بہت چھان بین ہوگئی، اب چیئرمین نیب جاوید اقبال اپنے 35سالہ اثاثے عوام کے سامنے رکھیں، ہمیشہ یہی کہا ہے کہ نیب کو ختم ہونا چاہیے، نیب احتساب کے بجائے انتقامی کارروائی میں مصروف ہے،نیب کو ختم کر دیں، ورنہ ملک چلانا مشکل ہوجائے گا، استحکام کا عمل حل ہوچکا ہے،17 اکتوبر تک معاملات بہتر ہوجائیں گے۔ جمعرات کواحتساب عدالت میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں پیشیکے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چوتھا سال ہے احتساب کا عمل سب کے سامنے ہے، اب تک 54 پیشیاں ہوچکی ہیں،نیب احتساب کے بجائے انتقامی کارروائی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ہمیشہ رائے رہی کہ نیب کو ختم کرنا چاہیے۔ حکومت نے پہلے بھی ایک قانون پاس، کیا آج بھی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، عمران خان جواب دیں کہ وہ 4 سال کرتے کیا رہے ہیں،سیاست بچانے کے لیے اب وہ ہر بات کہنے کے لیے تیار ہیں۔ آج سے دو ماہ پہلے کے وزیراعظم کو احساس نہیں تھا، ملک کی حالت کیا کردی ہے۔ آج تو ملک میں مسائل کے ڈھیر ہیں۔ وہ اپنی سیاست بچانے کے لیے ہر طریقہ اختیار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 4 سال کی کوتاہیوں کے اثرات ایک دن میں ختم نہیں ہوتے، ملک کے معاملات کو درست کرنے میں وقت چاہیے۔ آج سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی اور ان معاملات کو حل کرنا ہوگا، آج بھی کہتے ہیں معاملات ختم کریں، ملک کو چلائیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ کے الیکٹرک کو ساڑھے 6 سو میگاواٹ بجلی دینی تھی، لیکن اسے 11سو میگاواٹ بجلی دی گئی، جس کا پورے ملک پر اثر ہو رہا ہے۔ کے الیکٹرک کو ایل این جی دیتے ہیں جس کے باعث بجلی مہنگی ہوئی۔ دنیا میں کوئلے اور تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں ہیں۔ فیول نہ ہونے، کوئلے، ایل این جی کے آرڈر نہ کرنے سے لوڈشیڈنگ ہے۔15 تاریخ کے بعد 3 گھنٹے لوڈشیڈنگہوگی۔ کوشش ہے لوڈشیڈنگ کم ہوجائے، کل بھی ساڑے تین گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوئی تھی۔ کمی ضرور ہوگی مگر لوڈشیڈنگ ہوتی رہے گی۔پیٹرول بھی کم ہو جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ عوام کو ریلیف ملے گا۔ استحکام کا عمل شروع ہوگیا ہے 17اکتوبر تک معاملات بہتر ہو جائیں گے۔ قبل ازیں مقامی احتساب عدالت میں سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تعیناتی کے ریفرنس پر سماعت ہوئی، جس میں شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے، ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے17 اگست تک ملتوی کردی گئی۔