مزید خبریں

جنوبی کوریا پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرض دے گا، معاہدے پر دستخط

اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان اورجنوبی کوریا کے درمیان ایک ارب ڈالر کے فریم ورک ارینج منٹ کا معاہدہ طے پاگیا ہے،جمہوریہ کوریا انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت صحت، مواصلات، زراعت اور توانائی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے ایک ارب امریکی ڈالر تک کی طویل مدتی انتہائی رعایتی فنانسنگ فراہم کرے گا۔اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور میاں اسد حیاء الدین نے جبکہ جمہوریہ کوریا کی طرف سے کوریاکے سفیر سانگ پائیوسوء (Suh SangPyo )نے معاہدہ پر دستخط کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورایاز صادق نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے جمہوریہ کوریا کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تکنیکی اور اقتصادی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ جمہوریہ کوریا کے سفیر نے امید ظاہر کی کہ یہ فریم ورک ارینج منٹ پاکستان کی نئی حکومت کی جانب سے جاری اقتصادی پالیسیوں اور اقدامات کی پشت پناہی میں معاون ثابت ہوگا،جنوبی کوریاپاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا جو کہ آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے انتہائی سازگار ہو گا۔