مزید خبریں

لوڈشیڈنگ، مہنگائی : وفاق اور پنجاب سے جواب طلب

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف دائر2 درخواستوں پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے2ہفتے میں تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے بجلی کی لوڈشیدنگ پر وفاقی حکومت جبکہ مہنگائی کے حوالہ سے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر2 درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کے لیے2 وقت کی روٹی کھانا مشکل ہو گیا ہے اور حکومت عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کررہی۔ جبکہ عدالت نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف بھی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے دونوں درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کو نوٹس جاری کردیے اور2 ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔