مزید خبریں

محمد حسین محنتی کی قیادت میں وفد کی الیکشن کمشنر سندھ سے ملاقات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی صوبائی الیکشن کمشنر اعجازانورچوہان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد میں صوبائی نائب امیروناظم انتخابات ممتازحسین سہتواورکراچی کے نائب امیرراجا عارف سلطان شامل تھے۔ صوبائی امیرمحمد حسین محنتی نے سندھ میں آزاد اورصاف وشفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے پرزوردیتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی جان ہوتے ہیں،جس کے ذریعے نہ صرف عوام کے گلی محلے کے مسائل حل ہوتے ہیں بلکہ بہترومخلص قیادت بھی سامنے آتی ہے۔جماعت اسلامی کے وفد نے انہیں ووٹرلسٹوں میں غلطیوں،من پسندحلقہ بندیوں کی نشاندہی کی اورڈی آروزسمیت حکومتی پارٹی کے ایما پرپولنگ عملے کی حکومتی پارٹی کی طرف جھکاؤ کی شکایات سے آگاہ کیا ۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجازانور چوہان نے جماعت اسلامی کے وفدکو یقین دلایا کہ صوبے میں صاف وشفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔بلدیاتی الیکشن کے جو ابتدائی مرحل گزر چکے ہیں ان کو چھوڑ کرباقی ایشوزپرخصوصی توجہ اورسیاسی جماعتوں کے خدشات کو دور کیاجائے گا تاہم آئندہ ووٹر لسٹوں حلقہ بندیوں کے قیام کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردارادا کرنا چاہیے تاکہ خامیوں کو دور کیاجاسکے۔