مزید خبریں

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین پراسرار طور پر انتقال کر گئے،لاش خداداد کالونی میں واقع ان گھرکے کمرے کا دروازہ توڑ کر نکالی گئی، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں،اہلخانہ نے لاش کا پوسٹمارٹم کرانے کی اجازت نہیں دی، پولیس کے مطابق لاش کا پوسٹمارٹم کرانا ضروری ہے۔ عامر لیاقت کے ملازم جاوید نے بتایا کہ گزشتہ شب عامر لیاقت نے سینے میں درد کی شکایت بھی کی تھی، جس پر انہیں اسپتال چلنے کا کہا تاہم انہوں نے انکار کردیا اور پھر صبح ان کے کمرے سے چیخنے کی آواز سنائی دی تھی، گھر پر موجود ملازمین ان کا دروازہ توڑ کر کمرے میںداخل ہوئے، جس کے فوری بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انتقال کی تصدیق کی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو جب اسپتال لایا گیا تو وہ انتقال کرچکے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔ پوسٹ مارٹم ٹیم کی سربراہی پولیس سرجن کریں گی، ٹیم میں2 میڈیکو لیگل افسران بھی شامل ہوں گے، پولیس نے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی اچانک موت کی تحقیقات شروع کر کے ان کے گھر کو سیل کردیا۔