مزید خبریں

شمالی کوریا نے میزائل تجربات پر65کروڑ ڈالر خرچ کر دیے

سیئول (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے رواں سال اب تک کیے گئے میزائل تجربات پر 65 کروڑ ڈالر خرچ کیے۔جنوبی کوریا کے تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق یہ رقم ملک کی پوری آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کے لیے کافی رہتی۔ شمالی کوریا نے 2022 ء میں مختلف اقسام کے 18 تجربات کرکے ریکارڈ قائم کیا ہے۔مئی کے دوران ملک کا پہلا کورونا کیس رپورٹ کیا گیا تھا ، جن کی تعداد اب تک 40 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔کوریا انسٹیٹیوٹ آف ڈیفنس انالائسزکی رپورٹ کے مطابق صدر کم جونگ اْن کی حکومت نے 5ماہ کے دوران 33 میزائلوں کی تیاری اورتجربات پر 65 کروڑ امریکی ڈالر خرچ کیے۔یہ رقم ملک میں سال بھر کی غذائی قلت پر قابو پانے اورپوری آبادی کو کورونا ویکسین کی ایک ڈوز دینے کے لیے کافی تھی۔خیال رہے کہ شمالی کوریا شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔ کورونا وائرس کے تناظر میں نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن اور اس سے قبل بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران ہے۔عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ شمالی کوریا میں کورونا کی صورت حال ابتر ہوتی جارہی ہے۔چند روز قبل ہی شمالی کوریا نے ایک میزائل فائر کرکے تجربہ کیا تھا،جس کے جواب میں جنوبی کوریا اور امریکا نے بھی میزائل داغ کر جوابی تجربہ کیا تھا۔ سلامی کونسل میں امریکا ، جاپان اور جنوبی کوریا کئی بار شمالی کوریا پر پابندی کی کوشش کرچکے ہیں،تاہم چین اور روس اس کو ناکام بنادیتے ہیں۔