مزید خبریں

حادثات و واقعات میں4افراد جاں بحق ، 2زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعرات کو شہر میں رہزنوں کی فائرنگ اور دیگر واقعات میں 4افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے، رہزنوں کے ہاتھوں شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ناردرن بائی پاس پر پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق سرسید تھانے کی حدود کچی آبادی گلشن توحید کے مکان نمبر B-93میںرہائش پذیر 39سالہ نعمت ولد معظم گل کو نامعلوم افراد نے سر پر وزنی چیز اورجسم پر چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا ۔واقعے کی اطلاع پرسرسید پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے لاش اسپتال منتقل کر کے واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔ ناردرن بائی پاس پر افغان موڑ کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے 34سالہ سلمان سنی ولد رمضان سے اسلحے کے زور پر لوٹ مارکی کوشش کی اور مزاحمت پر اس پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ۔واقعے کی اطلاع پرگلشن معمار پولیس موقع پر پہنچ گئی اورلاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ کورنگی نئی آبادی کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر 24سالہ شخص حارث ولد نصیرجاں بحق ہوگیا ۔حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ہاکس بے یونس آباد پر شمس پیر کے قریب ایک لانچ سمندر میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں لانچ پر سوار 60سالہ رفیق ولد حاجی طفیل سمندر میں ڈوب گیا جس کی لاش ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے سمندر سے نکال کر لواحقین کے حوالے کردی۔ادھرکورنگی پولیس نے لاش اسپتال منتقل کردی،پاپوش قبرستان گیٹ کے قریب مسلح رہزنوں نے لوٹ مار کی کوشش کے دوران مزاحمت 55سالہ حارث ولد نصیر کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور فرا ر ہوگئے ، زخمی شخص کو پاپوش نگر پولیس نے اسپتال منتقل کردیا،جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ، سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 44سالہ عبدالبشیر ولد علی زمان زخمی ہوگیا ،فائرنگ موٹر سائیکل سوار افراد نے کی جو فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر گڈاپ پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمی کواسپتال منتقل کردیا،پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔