مزید خبریں

سندھ ترقی پسند پارٹی کا آج ٹھٹھہ حیدرآباد ہائی وے پر دھرنے کا اعلان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے ایس ٹی پی ٹھٹھہ کے صدر عمر ناہیوں‘ فاضل کو غائب کیے جانے کے خلاف حیدرآباد ٹھٹھہ ہائی وے پر دھرنے کا اعلان کردیا۔ڈاکٹر قادر مگسی نے وڈیو لنک کے ذریعے سندھ ترقی پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت غیر مقامی افراد کو آباد کرکے سندھ کی زمینیں دی جارہی ہیں، ساحلی پٹی اور کوہستان کی زمین پر غیر مقامی افراد کو جعلی کاغذات دے کر مقامی افراد کو بے دخل کیاجارہاہے جس کے خلاف سندھ کے عوام کو منظم جدوجہد کرنی کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ سندھ ترقی پسند پارٹی ٹھٹھہ کے رہنما عمر ناہیوں اور فاضل کو غائب کرنے میں وہی ہاتھ ملوث ہیں جو سندھ کی زمینوں کی دلالی کررہے ہیں، عمر اور فاضل کا جرم یہ ہے انہوں نے مقامی افراد کو بیدار کرکے قبضہ مافیا کے خلاف آواز بلند کی، انہوںنے قانونی جنگ لڑی جس کے نتیجے میں انہیں گم کرایا گیا، آج پانچ روز گذر جانے کے بعد بھی ان کا کوئی پتہ نہیں ہے ۔ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاکہ ایس ٹی پی اپنے ساتھیوں کا تحفظ کرنا جانتی ہے ،ہمارے بہادر ساتھیوں نے جیلوں میں سختیاں برداشت کی ہیں۔انہوںنے عمر ناہیوں اور فاضل کو گم کیے جانے کے خلاف آج9جون کو ٹھٹھہ حیدرآباد ہائی وے گھارو کے مقام پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ دھرنے کو بھر طور پر کامیاب بنائیں۔