مزید خبریں

تاجکستان کو بھی سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کے پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کو ایک جیسے سیکورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے، پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ تاجکستان کے سفیر عصمت اللہ ناصردین سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے وزیر دفاع سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ انہوں نے تاجکستان کی عسکری اور سول قیادت اور اس کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ افغانستان کے پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کو ایک جیسے سیکیورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔وزیر دفاع نے مسلح افواج کے درمیان دوستانہ کھیلوں کے مقابلوں اور دونوں ممالک کے خصوصی مواقع پر باہمی بنیادوں پر فوجی بینڈ کی نمائش کی تجویز پیش کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور کے علاوہ دفاعی تعاون میں اضافے کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تاجک سفیر نے اپنی حکومت کے عزم کا یقین دلایا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا۔