مزید خبریں

حکومت نے پیٹرول بم کے بعد مہنگائی کے مارے عوام پر بجلی کا بم بھی گرادیا ،فی یونٹ 7 روپے 91 پیسے اضافہ

اسلام آباد(آئی این پی+صباح نیوز) حکومت نے پیٹرول بم کے بعد مہنگائی کے مارے عوام پربجلی کا بم بھی گرا دیا ۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) کے جاری اعلامیے میں فی یونٹ بجلی 7روپے 91پیسے مہنگی کردی گئی ،جس کے بعد نیشنل اوسط ٹیرف 24روپے 82پیسے فی یونٹ تک پہنچ گیا۔ نیپرا نے کہا ہے کہ ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ نیپرا کے جاری اعلامیے کے مطابق نیپرا نے نیشنل اوسط ٹیرف24روپے 82پیسے فی یونٹ کا تعین کیا ہے جو کہ گزشتہ ٹیرف سے7.91روپے فی یونٹ زیادہ ہے۔اعلامیے کے مطابق نیپرا کا تعین کردہ اوسط ٹیرف 16.91روپے تھا جواب 24.82روپے ہوگیا ساتھ ہی اس میں ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیداواری لاگت بڑھنا بتایا گیا ہے۔نیپرا نے کہا ہے کہ توانائی کی خریداری کی قیمت 1152ارب روپے متوقع ہے جب کہ کپیسٹی لاگت بشمول این ٹی ڈی سی اور ایچ وی ڈی سی 1366ارب کا تخمینہ ہے۔اعلامیے میں یہ بھی بتایا گی ہے ڈسکوز کی کل ریونیو کا تخمینہ تقریباً 2805 ارب روپے متوقع ہے جب کہ 5 سال کی مدت میں ڈسٹری بیوشن سسٹم میں 406ارب کی سرمایہ کاری کی اجازت ہے۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں لوڈشیڈنگ بدستورجاری ہے ، بجلی کا شارٹ فال5 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہوگیا۔کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تک پہنچ گیا، اسلام آباد میں 4سے 6 گھنٹے تک بجلی بند رہی جبکہ لاہور میں 7سے8 گھنٹے، پشاور اور کوئٹہ میں دس دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔کراچی میں شدید گرمی کے ساتھ16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے، سرجانی ٹائون ، نیو کراچی، لیاری، اورنگی ٹائون، کورنگی، بلدیہ اور لانڈھی کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔کے الیکٹرک نے واجبات کی عدم ادائیگی کو لوڈشیڈنگ کی وجہ بتایا ہے۔ لیسکو کی طلب 5700 میگاواٹ تک جاپہنچی جبکہ شارٹ فال 800میگاواٹ ہے، نیشنل گرڈ اسٹیشن سے لیسکو کو4ہزار 900 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لیسکو نے ساڑھے 3گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا ہے۔ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 307 میگاواٹ ہے ۔پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21ہزار 293 میگاواٹ ہے، ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار 600میگاواٹ ہے، پانی سے 4ہزار 688 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 314میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 12 ہزار 182 میگا واٹ ہے ، ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 567میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 118 ہے ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 187 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن ایک ہزار237میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ جاری، اسلام آباد ریجن میں بھی 4گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔